یہی تو وقت ہے سورج تیرے نکلنے کا
آج سے تقریباً دو، ڈھائی سال پہلے جب میں اپنے آبائی وطن گولا بازار سے متصل گاؤں پرسا (پڑولی) میں بغرض درس و تدریس آیا اور قرب و جوار کے لوگوں سے ملاقات شروع ہوئی تو مجھے علاقے میں مذہبی معاملات اور دینی تعلیم و تربیت کی بڑا فقدان نظر آیا؛ شریعت کے مسائل نہ جاننے کی وجہ سے جہاں لوگ اپنی عبادتوں کو خراب کر رہے تھے وہیں مذہبی تہواروں کو غیر شرعی طور و طریقے سے منا رہے تھے۔ سماجی کاموں جیسے کہ شادی بیاہ وغیرہ میں بھی برے رسم و رواج کا بہتات دیکھنے کو ملتا، عصری علوم میں بھی کوئی خاص ترقی دیکھنے کو نہیں ملتی ان تمام کمیوں کو دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔ دوسری طرف جلسے، جلوس اور میلاد کی محفلوں کا حال یہ ہے کہ وہاں سے بھی فکری اور اصلاحی پیغام ملنے بند ہو گئے (الا ماشاء اللہ)
اب لوگوں کی اصلاح اور سدھار کا دوسرا راستہ قلم کا تھا کہ اصلاحی کتابیں لوگوں کے درمیان پہنچائی جائیں۔ لیکن عام فہم کتابیں بھی بڑی مشکل سے ملتی ہیں اور ملتی بھی تو اردو زبان میں جبکہ علاقے کے زیادہ تر لوگ بندی لکھتے پڑھتے ہیں۔ اب ان کتابوں کا ترجمہ کرنا اور اسے لوگوں تک پہنچانا بھی بہت زیادہ فائدہ مند نہیں محسوس ہوا، کیونکہ کتنی کتابوں کا ترجمہ کیا جائے؟ اکثر کتابیں ایک ہی موضوع پر لکھی جاتی ہیں۔ جس کے بعد خیال آیا کہ کیوں نہ ایک ایسی میگزین نکالی جائے جو عام فہم بندی زبان میں ہو اور اس میں مختلف موضوعات شامل ہوں۔
اس خیال کا تذکرہ کچھ علماء سے بھی کیا، لیکن دوسری مصروفیات کی وجہ سے اس طرف مکمل توجہ نہ دے سکا، سال بھر بعد قصبہ گولا بازار میں واقع مدرسہ جامعہ رضویہ اہل سنت میں پڑھانے کا آغاز کیا اور وقت بھی نکلتا رہا میری سستی کہیں یا وسائل کی کمی، بہر حال دو سال کا عرصہ گزر گیا اور 2024 بھی ختم ہونے کو آگیا۔ اسی درمیان استاذ گرامی وقار ادیب شہير، خطيب بے نظیر حضرت علامہ صاحب علی چترویدی صاحب مدظلہ العالی اپنے صاحبزادے کو خصوصی تعلیم کے لیے میرے حوالے کرنے گھر تشریف لائے۔ ان سے علاقائی حالات و مسائل پر گفتگو ہونے لگی، اسی دوران میں نے اپنی اس خواہش اور اس میں پیش آنے والی رکاوٹوں کا ذکر کیا، جس پر حضرت نے میگزین نکالنے کی تائید کی اور اب تک وقت ضائع کرنے پر تنبیہ بھی فرمائی، ساتھ ہی بہت سارے مفید مشوروں سے نوازا اور میگزین کے لیے "نور حق” نام کا انتخاب فرماتے ہوئے کہا ؏
سیاہ رات نہیں لیتی نام ڈھلنے کا
یہی تو وقت ہے سورج تیرے نکلنے کا
حضرت کی رہنمائی کے بعد میں نے اس کا تذکرہ محب گرامی حضرت مولانا عمران احمد امجدی سے کیا۔ جس پر انہوں نے ہر طرح سے ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔ کئی ایک مشورے ہوئے اور میگزین کا کام شروع ہو گیا۔ اللہ جل و علا کے فضل و کرم اور قلم کار حضرات کی مخلصانہ قلمی تعاون سے صرف 20 دنوں میں مضامین موصول ہو گئے اور ان کا بندی ترجمہ بھی شروع کر دیا گیا۔ کم وقت میں اتنے سارے مضامین کو یکجا کرنا اور اس کا آسان بندی ترجمہ کرنا میرے بس میں کہاں تھا۔ لیکن اللہ تعالیٰ جس سے جو جب اور جتنا چاہے کرالے۔ ہم اس کا شکر ادا کرتے ہیں بس۔
میگزین کی خاص باتیں!
اس میگزین میں ان مضامین کو شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو ہر عام و خاص کے لیے یکساں مفید ہوں۔
میگزین میں کچھ خصوصی کالمز ہیں جیسے کہ گوشہ خواتین جس میں خواتین کے مسائل پر مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ یہ کالم گھر کی خواتین کو پڑھنے کے لیے ضرور دیں۔
اسی طرح بچوں کے کالم میں بچوں کے لیے انہیں کے انداز میں کچھ کار آمد اور ضروری مسائل درج ہیں۔ یہ کالم بچوں کو پڑھنے کے لیے دیں۔
میگزین میں کیریئر گائیڈنس کے نام سے ایک کالم تعلیم حاصل کر رہے طلبہ اور نوجوانوں کو پڑھنے کے لیے ضرور دیں تاکہ وہ اپنے مستقبل کو روشن و تابناک بنانے کی کوشش کر سکیں۔
مگزین میں گوشہ طلباء (اسٹوڈنٹس کارنر) کے نام سے ایک کالم ہے جس میں شامل مضامین ابھی زیر تعلیم طلباء و طالبات کے ہیں۔ جنہیں محض ان نئے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے شامل اشاعت کیا گیا۔ اس کالم میں شامل مضامین ممکن ہے کہ میگزین و قارئین کی معیار کے مطابق نہ ہوں مگر لکھنے والے ہمارے مستقبل کے قلم کار اور ادیب ہیں ان کی حوصلہ افزائی ضروری۔
ایک اہم گزارش
جیسا کہ ہم نے ابھی بتایا ہے کہ اس میگزین کا مقصد صرف اور صرف لوگوں تک درست مسائل و جانکاری پہنچانا اور ہر موقع پر ان کی صحیح رہنمائی کرنا ہے، اسی لیے میگزین میں شامل مواد کے ہندی ترجمہ کو آسان بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ .
دین و ملت کی تبلیغ و اشاعت کا یہ عظیم کام صرف ہمارے اکیلے کی بس کا نہیں۔ البتہ آپ کا تعاون نہ صرف ہمارے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا بلکہ امت مسلمہ پر احسان عظیم ہوگا۔
آپ ہماری مدد کیسے کر سکتے ہیں؟
- قلم کار حضرت، ہمیں ہندی/اردو میں اپنے قیمتی مضامین (مضامین) بھیجیں!
- آپ خود بھی میگزین کے ممبر بنیں اور اپنے دوستوں/رشتہ داروں کو بھی ممبر بنائیں!
۞ سالانہ: 200 روپیے ۞ لائف ٹائم: 5000 روپے - اپنے احباب و متعلقین میں موجود اہل خیر حضرات کو ترغیب دلائیں کہ وہ میگزین کی 10، 20، 50 کاپیاں خرید کر لوگوں میں بطور صدقہ جاریہ تقسیم کریں۔
- میگزین میں نظر آنے والی کسی بھی غلطی/کمی،بیشی کی نشاندہی کرکے اور اہم مشوروں سے نواز کر اس نیک کام کا حصہ بنیں!
ہمیں مکمل امید ہے کہ آپ اس نیک مقصد کا حصہ بن کر ہماری حوصلہ افزائی ضرور کریں گے۔
مخلص
محمد شعیب رضا نظامی فیضی
رابطہ: 9792125987
ای میل: noorehaqu@gmail.com
ویب سائٹ: www.noorehaqu.in
